ہینان :(دنیا نیوز) اکثر جوڑوں کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی شادی بہت شاندار ہو اور رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے کے بعد گھر کا سفر کسی بہترین گاڑی میں طے ہو۔
مگر چین میں ایک جوڑے نے پرتعیش گاڑی کی جگہ سائیکل کا انتخاب کرکے سب کو حیران کر دیا،چین کے صوبے ہینان کے علاقے Luhoe سے تعلق رکھنے والے جوڑے کی شادی 13 مئی کو ہوئی تھی۔
چین میں اکثر دلہا کاخاندان دلہن کے گھر جانے کے لیے مہنگی گاڑیوں کا استعمال کرتے ہیں جن کو دوستوں سے لیا جاتا ہے یا کرائے پر حاصل کیا جاتا ہے، مگر شیانگ نامی دلہن نے خواہش ظاہر کی کہ دلہا اسے سائیکل پر والدین کے گھر سے اپنے والدین کے گھر میں لے کر جائے۔
شیانگ نے کہا کہ مجھے سائیکل چلانا پسند ہے تو میں نے اسے اپنی شادی کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ میرا خاص دن دیگر جوڑوں سے مختلف محسوس ہو ، دلہا نے اس مقصد کے لیے ایک پرانے فیشن کی بڑی سائیکل کو حاصل کیا۔
شیانگ کا کہنا تھا کہ سائیکل پر نوبیاہتا جوڑے کا ایک سے دوسرے گھر کا سفر نہ صرف ماضی کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ پرانی نسل کی سادہ اور خالص محبت کی علامت بھی ہے،اس کے سائیکل پر سفر کے آئیڈیا کو سب نے سپورٹ کیا جس کے باعث یہ زیادہ بامقصد بن گیا۔
واضح رہے دلہا دلہن کے ساتھ ان کے دوستوں نے بھی الگ الگ سائیکلوں پر سفر کیا۔