پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں ایک چالاک ملزم رہائی پانے والے ساتھی قیدی کے بریف کیس میں چھپ کر جیل سے فرار ہوگیا۔
فرانس کے شہر لیون کی کورباس جیل سے 20 سالہ ایلیازِڈ اے نامی ملزم نے جیل سے فرار ہونے کا انوکھا طریقہ آزمایا جس میں وہ کامیاب بھی ہوگیا، اس واقعہ نے نہ صرف جیل کی سکیورٹی پر سوالات اٹھائے بلکہ جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدی رکھنے کا بھی پردہ چاک کیا۔
ایلیازِڈ اے کا جیل سے فرار ہونا اس وقت میڈیا میں خبروں کا موضوع بن گیا جب معلوم ہوا کہ اس سارے عمل کو مکمل کرنے میں جیل کے محافظوں کو 24 گھنٹے لگے، تب جا کر انہیں پتہ چلا کہ ملزم غائب ہو چکا ہے۔
فرانس کی جیل انتظامیہ نے بتایا کہ یہ ایک انتہائی عجیب واقعہ ہے جسے ہم نے اس انتظامیہ میں کبھی نہیں دیکھا، اس سے واضح طور پر کئی سنگین خامیوں کا انکشاف ہوتا ہے، یہ واقعہ غلطیوں کے مجموعے کا نتیجہ تھا۔
ایلیازِڈ اے نے اپنے ساتھی قیدی کا سفری بیگ استعمال کیا جسے قیدی رہائی کے وقت اپنے سامان کو لے جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جب ساتھی قیدی نے اپنا بیگ جیل کے دروازے تک پہنچایا، تو کسی کو بھی محسوس نہیں ہوا کہ اس کا بیگ کچھ زیادہ بھاری ہے، اس نے بیگ کو گاڑی تک لے جانے کے لیے ایک ٹرالی کی درخواست بھی کی جس پر کسی نے اعتراض نہیں کیا۔
24 گھنٹے گزرنے کے بعد بعد جب پولیس کو ایلیازِڈ اے کے فرار کا پتہ چلا تو فرانس کے حکام نے پورے ملک میں اس کی تلاش شروع کر دی جسے ساتھونی کیمپ کے علاقے میں گرفتار کر لیا گیا، جو کرابس جیل سے تقریباً 25 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔
اس کا ساتھی گرفتار نہیں ہو سکا، وہ اب دوبارہ جیل جانے کے خطرے میں ہے۔