بڑے بھائی سے لڑائی پر والد کی چھوٹے بیٹے کو انوکھی سزا

Published On 26 August,2025 08:04 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں کے عجیب واقعہ سامنے آیا، جہاں ایک شخص نے اپنے چھوٹے بیٹے کو بڑے بھائی کو مارنے پر سزا کے طور پر مصروف شاہراہ پر تنہا چھوڑ دیا۔

جنوب مغربی چین کے خطے سنکیانگ کی نیشنل ہائی وے نمبر 219 میں ایک بچے کو سڑک کے کنارے اکیلے دریافت کیا گیا تھا، وہ بچہ وہاں لوگوں سے لفٹ لینے کی کوشش کر رہا تھا جب ایک موٹرسائیکل پر سوار شخص نے اس سے بات کی۔

اس شخص نے بچے سے پوچھا کہ وہ کیسے اپنے گھر والوں سے بچھڑ گیا ہے تو بچے نے بتایا کہ "میرے والد مجھے یہاں چھوڑ کر چلے گئے ہیں ْ۔

بچے نے کہا کہ  میرے بڑے بھائی نے مجھے کچھ برا کہا تو میں نے اسے مارا، جس پر والد کو غصہ آیا اور انہوں نے مجھے گاڑی سے باہر نکال دیا ۔

اس شخص نے بچے سے والد کا موبائل نمبر لے کر کال کی اور پوچھا کہ کیا وہ جانتا ہے کہ اس کا بیٹا یہاں اکیلا موجود ہے، والد نے جواب میں کہا کہ  ہاں میں جانتا ہوں اور بچے کی ماں پیدل چل کر اسے لینے آرہی ہے ۔

اس موقع پر بچے کو شاہراہ پر گشت کرنے والی پولیس کی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا، اس بچے اور گھر والوں کا تعلق مشرقی چین کے صوبے Zhejiang سے تھا اور والد کا نام وانگ تھا، وانگ کی جانب سے بعد میں سوشل میڈیا پوسٹ میں بیٹے سے معذرت کی گئی۔

اس پوسٹ میں وانگ کا کہنا تھا کہ  میرا چھوٹا بیٹا اکثر بڑے بھائی سے لڑتا ہے، اس دن بھی ایسا ہی ہوا حالانکہ میں نے اسے 2 بار روکا بھی، پھر جب اس نے بڑے بھائی کو مارا تو مجھے غصہ آیا تو میں نے اسے ڈرانے کا فیصلہ کیا ۔

وانگ کے مطابق وہ گاڑی کو بچے سے محض ڈیڑھ کلومیٹر دور لے گیا تھا اور وہاں سے اہلیہ کو بچے کو لینے کے لیے بھیجا، بعد ازاں وانگ نے چھوٹے بیٹے کی ویڈیو بھی جاری کی جس میں وہ بچہ کہہ رہا تھا کہ وہ ٹھیک ہے۔