اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے تحفظ میں تعاون کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چینی وزیر خارجہ وانگ ثی نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کابینہ کے سینئر ارکان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے چینی وزیرِ خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط کریں گے، انہوں نے پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر حمایت پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کا خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کا اعلان
شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ دورۂ بیجنگ اور تیانجن کا شدت سے منتظر ہوں، دورے میں ایس سی او سربراہی اجلاس اور جنگ عظیم دوم کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کروں گا، پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، آئی سی ٹی، زراعت اور معدنیات میں چین سے تعاون بڑھانا چاہتا ہے، سی پیک پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور خطے کی کنیکٹیوٹی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کہا کہ پاکستان ہمارا آہنی دوست اور ہر موسم کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہے، چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کو سراہتا ہے، چین پاکستان سے مل کر علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے کام کرتا رہے گا۔
وزیرِ اعظم آفس کے مطابق ملاقات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سی پیک فیز ٹو کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔