راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی فرض سے لگن کی اعلیٰ روایات کا مظہر ہے: وزیراعظم

Published On 20 August,2025 10:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس (نشان حیدر) کی برسی پر اپنے پیغام میں شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی عظیم قربانی ہمت اور فرض سے لگن کی اعلیٰ روایات کی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1971ء میں آج کے دن پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے جام شہادت نوش کیا، ان کا لاجواب جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی مسلح افواج اور قوم کیلئے ایک لازوال ترغیب کا باعث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہادری کی داستان، ہمارے قومی ضمیر کو آزادی کی قیمت اور مادر وطن کے دفاع کیلئے درکار حوصلے کی لازوال یاد دہانی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو، ان کی لازوال میراث کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہیں، راشد منہاس کا نام قوم کی تاریخ میں ہمیشہ وفاداری، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر محفوظ رہے گا۔

راشد منہاس بہادری، بے خوفی اور حب الوطنی کی لازوال مثال ہے: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک فضائیہ کے شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ نشان حیدر پائلٹ آفیسر راشد منہاس بہادری، بے خوفی اور حب الوطنی کی لازوال مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے ناقابل فراموش قربانی دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، فضاؤں کے شاہین راشد منہاس نے جرات اور پاکستان سے بے مثال محبت کی تاریخ رقم کی، غدار وطن نے طیارہ اغوا کرنے کی کوشش کی تو راشد منہاس نے جان کی پرواہ کئے بغیر سازش کو ناکام بنایا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کے جذبہ حب الوطنی کی روشنی آج بھی ہمارے دلوں کو منور کرتی ہے، شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے دشمن کو واشگاف پیغام دیا کہ پاکستان کی فضائیں دشمن کی چالوں کا کبھی بھی شکار نہیں ہوں گی۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ شہید آفیسر پائلٹ راشد منہاس کی طرح دفاع وطن کے لئے ہمہ وقت تیار اپنے نڈر اور جانثار شاہینوں پر فخر ہے، راشد منہاس کی قربانی ایک چراغ ہے جو آنے والی نسلوں کیلئے جذبے کی کرن ہے۔