اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اظہار افسوس کیا، وزیراعظم نے سنگین صورتحال کے پیشِ نظر ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کو انہیں ملک بھر میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین سے رابطہ کیا اور انہیں فوری طور پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں ریلیف سرگرمیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جائیں، وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو ہدایت دی کہ وہ خیبرپختونخوا حکومت سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ امدادی اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخوا سے ضلع بونیر، باجوڑ سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں بارشوں، کلاؤڈ برسٹ سے تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخوا کو وفاق کی جانب سے صوبہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور خیبرپختونخوا میں موجود صورتحال پر این ڈی ایم اے کو ہر ممکن ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعلیٰ سندھ کا خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
مراد علی شاہ نے گورنر خیبرپختونخوا کو سندھ حکومت کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی، مشکل کی اس گھڑی میں سندھ کی حکومت و عوام خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کی ہر قسم کی مدد کیلئے مکمل تیار ہے۔