مقبوضہ کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ سے 44 افراد ہلاک ہو گئے: بھارتی میڈیا

Published On 14 August,2025 11:32 pm

سرینگر: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ سے 44 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گاؤں چشوٹی میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی، سیلابی صورتحال کے 44 افراد ہلاک جبکہ 102 زخمی ہو گئے۔

سیلابی ریلے کی زد میں آکر 50 سے زائد افراد لاپتا ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

امدادی ٹیموں کے مطابق ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ سیلابی صورتحال میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاہم سیلاب کے باعث سڑکوں کی تباہی اور دشوار گزار راستوں کے باعث کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ دوپہر ایک بجے کے قریب پیش آیا جب مچائل ماتا یاترا کے دوران بڑی تعداد میں زائرین علاقے میں موجود تھے، سیلابی صورتحال کے باعث علاقے میں لگائے گئے لنگر کے کمیونٹی کچن کو نقصان پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق چشوٹی گاؤں کشتواڑ سے 90 کلو میٹر دور اور 9 ہزار 500 فٹ کی بلندی پر واقع ہے ،مچائل ماتا مندر تک جانے کیلئے 8.5 کلومیٹر کا پیدل سفر کرنا پڑتا ہے، رواں برس مچائل ماتا یاترا کیلئے بڑی تعداد میں زائرین علاقے میں موجود تھے۔