پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹرکریش کرگیا جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان فراز مغل نے امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والے ہیلی کاپٹر کےکریشن ہونے کی تصدیق کردی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے لئے امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے کریش کر گیا۔
علی امین گنڈا پور کے مطابق اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دو پائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے، صوبائی حکومت نے کل سوگ کا منانے کا اعلان کیا ہے، کل صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں، شہداء کی میتوں کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں، ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جائیں بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبراڑئی میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے، رابطہ سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارا فوکس سرچ اینڈ ریسکیو پر ہے، ریسکیو ٹیمیں ضلع بونیر کے لیے پہنچ رہی ہیں
انہوں نے لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی اور کہاکہ جب تک سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل نہ ہو، تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزرا اور ناظمین متاثرہ علاقوں رہیں۔