ہر شہری، مسلح افواج اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی: وزیراعظم

Published On 21 August,2025 10:19 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر دہشت گردی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان کے ہر شہری، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ جنگ لڑی۔

دہشت گردی سے متاثرین کو خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی قومی جذبات کی عکاس ہے، پاکستان کے ہر شہری، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پہلی صف میں رہ کر یہ جنگ لڑی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کو قوم نے بڑی بہادری، عزم و ہمت اور قربانیاں دے کر شکست دی، دہشت گرد قومی غیرت و حمیت اورامن و خوشحالی کے عزم کو پسپا نہیں کر سکے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں 90 ہزار قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری ملکی معیشت کو بھی خاطر خواہ نقصان اٹھانا پڑا، ہر شہر، بستی میں کوئی نہ کوئی شاہراہ، بازار اور سکول دہشت گردی اور متاثرین کی روداد سناتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کا شکار معاشرہ اپنی قربانیوں اور مصائب پر افسردہ ضرور پر شجاعت کی داستانوں پر فخر سے سر بلند بھی ہے، نوجوان نسل ملکی سلامتی اور قومی اقدار کی حفاظت کے عزم پر پروان چڑھی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام حکومتیں، شہری، سکیورٹی ادارے کمر بستہ ہو کر اس برائی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان نے ضرب عضب، رد الفساد اور بے شمار انٹیلی جنس آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کے عزائم کو شکست فاش دی۔