کتے بھی اب عمر قید کاٹیں گے، حکومت کا نیا اقدام

Published On 23 September,2025 08:55 am

اترپردیش: (ویب ڈیسک) اب تک مختلف جرائم میں انسان ہی عمر قید کی سزا پاتے تھے مگر اب کتے بھی عمر قید کاٹنے جیل جایا کریں گے، اس حوالے سے انوکھا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا حکم نامہ بھارت کی ریاست اترپردیش میں یوگی حکومت نے جاری کیا ہے، جس کے تحت آوارہ کتوں بھی عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے، رپورٹ کے مطابق الہٰ آباد، لکھنو سمیت ریاست کے کئی اضلاع اور شہروں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہوگئی ہے اور ان کے انسانوں پر حملوں اور کاٹنے کے واقعات بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے یوگی حکومت کے محکمہ شہری ترقی کے چیف سیکرٹری کی جانب سے حکمنامہ جاری کیا گیا ہے کہ اگر کوئی کتا پہلی بار کسی شخص کو کاٹ لے تو اس کتے کو 10 دن تک اینیمل برتھ کنٹرول سینٹر میں رکھا جائے۔

اس حکم کے تحت کوئی کتا اگر بار بار انسانوں کو کاٹے تو پھر اس کو عمر قید کی سزا دی جائے گی، اس سزا کا فیصلہ حکام کا ایک پینل کرے گا، جس میں میونسپل اہلکار، پولیس اور مقامی میونسپل ملازمین شامل ہیں، ان کا کام اس طرح کے واقعات کی نگرانی کرنا ہوگا اور اگر کسی کتے کے بارے میں بار بار شکایات آتی ہیں تو کتے کو پکڑ کر میونسپل کارپوریشن کے اینیمل برتھ کنٹرول سینٹر میں رکھا جائے گا۔

اینیمل برتھ کنٹرول سینٹر میں 10 روز کیلئے قید رکھنے جانے والے کتے کا طبی معائنہ کیا جائے گا، اگر وہ کسی بیماری یا ریبیز میں مبتلا پایا گیا تو اس کو الگ تھلگ کر دیا جائے گا، اگر کوئی بیماری نہ ہوئی تو اس کو چھوڑنے سے قبل اس میں ایک مائیکرو چِپ لگائی جائے گی۔

یہ کتے کے مقام اور اس کے جسم میں ہونے والی کسی تبدیلی اور دوبارہ کسی کو کاٹنے سے متعلق مکمل ڈیٹا فراہم کرے گا۔

اس کے علاوہ شکایت درج کرانے والے متاثرہ شخص کو بھی میونسپل حکام کے زیر نگرانی رکھا جائے گا، اس مشاہدے کے دوران اگر کتا ریبیز یا کسی اور بیماری میں مبتلا پایا گیا تو کتے کو فوری طور پر ہسپتال بھیجا جائے گا۔