'شام میں داعش کو شکست دینے کا مشن مکمل، امریکی فورسز واپس بلانے کا وقت آ گیا'

Last Updated On 04 April,2018 05:51 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے شام میں داعش کو شکست دینے کا مشن مکمل کرلیا ہے، امریکی فوجیوں کی واپسی سے متعلق فیصلہ جلد کریں گے۔ دوسری جانب انقرہ میں ترکی ،ایران اورروس کے درمیان شام کےمسئلے پر سہ فریقی سمٹ آج ہو گی۔

دارالحکومت واشنگٹن میں بحیرہ بالٹک کی تین ریاستوں کے سربراہوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے صدر ٹرمپ نے کہا شام میں داعش کے خلاف مشن تقریباً مکمل کر لیا ہے، اب وہ وہاں سے نکلنا چاہتے ہیں اور اپنے فوجیوں کو وطن واپس لانا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا اپنے اتحادیوں کے ساتھ وہ اس بارے میں جلد فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے افغانستان اور عراق کے تنازعہ میں امریکی مداخلت پر افسوس کا اظہار کیا۔

دوسری جانب شام کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں سہ فریقی سمٹ آج ہو گی۔ سمٹ میں شرکت کے لئے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی صدر حسن روحانی انقرہ پہنچ گئے ہیں۔