لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہزادے ہیری کی شادی 19 مئی کو ہونے کو جاری ہے لیکن اس سے قبل ہی دلہن میگھن مارکل کے بھائی نے شہزادے کو شادی سے باز رکھنے کے لیے خط لکھ دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شہزادے ہیری کو ان کے برادر نسبتی تھامس مارکل نے اپنی بہن میگھن مارکل سے شادی نہ کرنے کے لیے ہاتھ سے لکھا خط ارسال کیا ہے۔ تھامس مارکل نے اپنے خط میں برطانوی شہزادہ ہیری کو اپنی بہن میگھن مارکل سے شادی نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میگھن شاہی خاندان میں اچھا اضافہ ثابت نہیں ہوں گی۔
دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق تھامس مارکل نے شہزادے ہیری کو خبردار کیا کہ اب بھی وقت ہے وہ شادی سے انکار کردیں کیونکہ میگھن ان کے قابل نہیں ہیں ۔انہوں نے لکھا کہ میگھن خود غرض، فریبی اور سرد مزاج ہیں۔ تھامس مارکل نے لکھا کہ وہ حیران ہیں کہ شہزادہ ہیری کو میگھن کا اصلی چہرہ کیوں نظر نہیں آ رہا، جو لڑکی اپنے خاندان کی نہیں ہو سکتی وہ کسی اور کی کیا ہوگی؟
انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ میگھن کو پتہ ہے کہ ان کی عمر بڑھتی جارہی ہے، جس سے ان کا فلمی کیریئر متاثر ہو گا، یہی وجہ ہے کہ وہ شہرت حاصل کرنے کے لیے شاہی خاندان سے رشتہ جوڑ رہی ہیں ۔
تھامس مارکل نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی اپنی سوتیلی بہن سے 2011 کے بعد سے ملاقات نہیں ہوئی میگھن نے اپنی شادی میں انجان لوگوں کو دعوت نامہ بھیجا ہے لیکن اپنے اہل خانہ کو مدعو نہیں کیا میگھن شاہی خاندان میں شہزادی ڈیانا کی طرح مخلص ثابت نہیں ہوسکتیں اور نہ ہی ان کی طرح ذمہ داریاں پوری کرسکتی ہیں ۔یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی 19 مئی کو مغربی لندن میں ہو گی جس کے دعوت نامے تقسیم ہو چکے ہیں۔