جذبہ رحم دلی، پاکستان کا بھارتی شہری جتندرا کو رہا کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 02 May,2018 10:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کا جذبہ رحم دلی، خطرناک بیماری کے شکار بھارتی شہری جتندرا کو رہا کرنے کا فیصلہ، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی جیلوں میں 48 پاکستانی اپنی سزا کی مدت پوری ہونے کے باوجود رہائی کے منتظر ہیں۔

پاکستان نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی شہری جتندرا کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ جتندرا کو انسانی بنیادوں پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جتندرا خون کی خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں۔

بھارتی شہری جتندرا 2014 میں گرفتار ہوا جس کی سزا اسی سال جولائی میں ختم ہوگی۔ بھارت نے گزشتہ ماہ جتندرا کی بھارتی شہری ہونے کی تصدیق کی، بھارت نے شہریت کی تصدیق کرنے میں تین سال لگا دیے۔

دوسری جانب بھارتی جیلوں میں 48 پاکستانی اپنی سزا کی مدت پوری ہونے کے باوجود رہائی کے منتظر ہیں۔ بھارت ان پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے ضابطے کی تمام کارروائی مکمل ہونے کے باوجود وطن واپس نہیں بھجوا رہا۔ اس صورت حال میں جتندرا کی رہائی پاکستان کے لیے انتہائی مشکل فیصلہ تھا۔ بھارتی شہری کو خرابی صحت کے باعث وطن واپس بھجوایا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ انسانی بنیادوں کے مسائل کو سیاسی نہیں بنانا چاہئے اور اپنے شہریوں کی بھارت سے جلد روانگی کی توقع رکھتا ہے۔