مقبوضہ کشمیر: نریندر مودی کی آمد پر عوام سراپا احتجاج، آزاد کشمیر میں یوم سیاہ

Last Updated On 19 May,2018 01:45 pm

سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آمد پرلائن آف کنٹرول کے دونوں طرف شدید احتجاج کیا گیا۔ مقبوضہ جموں میں کشمیریوں نے شہر شہر مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں۔ آزاد کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم سے نبرد آزما بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منایا گیا۔

سری نگر، بارہ مولا، کشتواڑ، بڈگام، اودھم پور اور راجوڑی میں بھارتی مظالم سے تنگ کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ مظاہرین  قاتل مودی واپس جاؤ  اور  کشمیر کشمیریوں کے حوالے کرو  سمیت دیگر نعرے لگا رہے تھے۔ بھارتی وزیراعظم مودی کی آمد کے موقع پر مقبوضہ وادی میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور مقبوضہ کشمیر کو عملا فوجی چھاؤنی میں بدل دیا گیا تھا۔

مظفرآباد میں بھارت مخالف ریلی کے شرکا نے پریس کلب سے قائداعظم چوک تک مارچ کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے، اس موقع پر مظاہرین نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھاتی مظالم کے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔ آزاد کشمیر کے شہروں میرپور، بھمبر، کوٹلی راولاکوٹ، باغ اور پٹیاں میں یوم سیاہ کے دوران بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے۔