مسجد الحرام کے زیر تعمیر حصے میں ایک مرتبہ پھر کرین حادثہ

Last Updated On 21 May,2018 04:48 pm

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) مسجد الحرام کے زیر تعمیر حصے میں ایک مرتبہ پھر کرین حادثہ، تاہم حادثے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں ایک موبائل کرین تعمیراتی کام کے دوران گر گئی، حکام کا کہنا ہے کہ یہ کرین تعمیراتی کام کی ایک مخصوص جگہ پر گری ہے اور یہاں عبادت گزار موجود نہیں تھے۔ تاہم اس واقعہ میں کرین کا ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔ موبائل کرین کے گرنے کے بعد جو تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہاں عام لوگوں کی گزرگاہ کی جگہ نہیں تھی۔

واضح رہے کہ حج 2015 کے دوران کرین حادثے میں بڑے پیمانے پر حجاج جاں بحق ہوئے تھے۔ مسجد الحرام کے مشرقی حصے میں نصب 60 میٹر بلند اور 65 ٹن وزنی کرین خوفناک آندھی کے باعث ٹوٹ کر مسجد کی تیسری منزل پر آ گری تھی، جس کے نتیجے میں مسجد الحرام کی بالائی منزل ٹوٹ گئی اوراس کا ملبہ نمازیوں اورعازمین حج کے سروں پر آ گرا۔ 11 ستمبر کے اس افسوسناک حادثے میں 107 حجاج جاں بحق ہوئے تھے۔