امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی پر سعودی عرب کا سخت رد عمل

Last Updated On 16 May,2018 07:24 pm

جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی کابینہ کا خصوصی اجلاس ، امریکی سفارت خانہ کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے اقدام کو مسترد کر دیا۔ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جدہ میں السلام شاہی محل میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی زیرصدارت ہونے والے سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا گیا کہ امریکا کی جانب سے اپنا سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنا فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق سے انحراف اور عالمی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔سعودی عرب کی حکومت پہلے ہی ایسے اقدام کے خطرناک نتائج پر خبردار کر چکی ہے۔ سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی بلا جواز اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا موجب بنے گی۔

بیان میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ سعودی کابینہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں تشدد کا سلسلہ بند کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

Advertisement