مکہ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں رمضان المبارک کی تیاریاں عروج پر، الحرمین الشریفین میں بھی استقبال رمضان کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے نے الحرمین الشریفین کے انتظامی ادارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں استقبال رمضان کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ مسجد الحرام میں 28 برقی زینے چوبیس گھنٹے کام کریں گے۔ ایسی ہی چار سہولیات مسجد نبوی میں فراہم کی گئی ہیں۔
معذور افراد کی مساجد میں بسہولت رسائی کے لئے 38 داخلی راستے تیار کیے گئے ہیں۔ دیگر سہولیات کے ساتھ خواتین کی الحرمین الشریفین تک رسائی کے لیے سات خصوصی داخلی راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
الحرمین الشریفین پریزیڈنسی کے صدر نشین شیخ عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے بتایا ہے کہ انتظامی رہنمائی، تعلیم، فنی ومالیاتی امور اور تعلقات عامہ چند ایسے شعبہ جات ہیں جن پر رمضان المبارک کے دوران متعین عملہ خصوصی توجہ دے گا۔
رمضان المبارک کے دوران الحرمین الشریفین میں دس ہزار مرد وخواتین کارکن مقامات مقدسہ کی دیکھ بھال اور روزمرہ کے امور کی انجام دہی کے لیے ہمہ وقت موجود ہوں گے۔
صفائی ستھرائی کے لیے بڑی تعداد میں خدام المساجد بھی رمضان المبارک میں اپنے فرائض پہلے سے زیادہ سرعت اور ذمہ داری سے ادا کریں گے۔ مقامات مقدسہ میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔