(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے جنوبی شہر النماص کے ایک اسپتال میں زچگی کے بعد پیٹ میں پراسرار دھماکے سے خاتون کی موت واقع ہو گئی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق محمد العمری نامی ایک حاملہ خاتون کو النماص اسپتال میں گذشتہ جمعرات کو داخل کیا گیا جہاں آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی۔
ڈلیوری کے بعد خاتون کی حالت بدستور خراب رہی اور وہ مسلسل بے ہوشی کی حالت میں شدید تکلیف میں مبتلا رہی۔ کئی گھنٹے تک مسلسل خون لگوانے اور علاج کی کوشش میں ناکامی کے بعد اچانک اس کے پیٹ میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں خاتون کی موت واقع ہو گئی۔
متوفیہ کے والد نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ بچے کی ولادت کے بعد بھی اس کی بیٹی انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل رہی۔ ڈاکٹروں نے اس کے لیے مزید پانچ بوتل خون انتظام کرنے کا کہا جسے پورا کر لیا گیا۔مزید تین گھنٹے کے انتظار کے بعد ڈاکٹر ہمارے پاس آیا۔ اس کا چہرہ اور کپڑے خون میں لت پت تھے۔ اس نے پریشان کن لہجے میں واقعہ بتایا کہ خاتون کے رحم میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔ ڈاکٹر نے اپنے لباس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ خون اس دھماکے کا نتیجہ ہے۔
والد نے بتایا کہ اس کی بیٹی کی موت گردے کے ناکارہ ہونے کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔ وہ اسے ایک دوسرے اسپتال میں لے جانے کی تیاری کر رہے تھے جب کہ النماص کے اسپتال کے ڈاکٹروں کا اصرار تھا کہ وہ مزید انتظار کریں۔ اس دوران عسیر کے عالقے کے گورنر شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز کے ساتھ بھی ان کا رابطہ ہوا۔ مریضہ کو ابھا کے اسپتال یا الریاض لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ ابھی اسے عسیر کے ایک اسپتال منتقل ہی کیا گیا تھا کہ اس کی حالت مزید بگڑ گئی اور اس کی موت واقع ہو گئی۔
یہ اپنی نوعیت کا انوکھا کیس ہے جس پر حکام بھی حرکت میں آئے ہیں۔ عسیر کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر یحییٰ بن محمد آل شویل نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔