ریاض: (ویب ڈیسک) قرآن پاک کے سب سے قدیم مدنی خط کو ڈیجیٹل شکل میں لا کر ہمیشہ کے لیے محفوظ کرنے کا منصوبہ، صوبہ مدینہ کے گورنر اور ادارہ ترقیات مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلما ن بن عبدالعزیز نے منصوبے کا آغاز کردیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق صوبہ مدینہ کے گورنر اور ادارہ ترقیات مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے حال ہی میں مدنی خط کے تحفظ کے لیے ایک منصوبے کا آغاز کیا ہے۔اس کے تحت دنیا بھر میں مدنی خط میں موجود قرآن مجید کے نسخوں اور دوسری مقدس تحاریر کو ڈیجیٹل شکل میں لا کر ہمیشہ کے لیے محفوظ کردیا جائے گا۔
شاہ فہد قرآن کمپلیکس مدینہ نے حال ہی میں قرآن کے مدنی خط کو ڈیجیٹل بنانے کے کام میں بہتری کی غرض سے تجاویز طلب کی تھیں۔ اس کمپلیکس نے قرآن مجید کا مدنی خط میں نسخہ 1422 ہجری میں شائع کیا تھا۔ اس ادارے کا مقصد جدید کمپیوٹر پروگراموں کی مدد سے اعلیٰ معیار کا مدنی فونٹ تیار کرنا ہے۔ یہ کمپیوٹر پروگرام بھی خاص اسی مقصد کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ مدنی خط کا اعلیٰ معیار کا فونٹ تیار کیا جاسکے۔
ڈیجیٹل پرنٹنگ کے ایک ماہر سلیمان بن عبداللہ المیمن بتاتے ہیں کہ مدنی خط ہی دراصل آج استعمال ہونے والے تمام عربی خطوں کی بنیاد ہے۔ اس منصوبے کا مقصد بھی اس خط کی اصل شکل میں بحالی ہے تاکہ قدیم قرآنی خط کی کمپیوٹرز پر ڈیجیٹل نقل کی جا سکے۔ واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر کے کتب خانوں ، مثلاً نیشنل لائبریر ی فرانس ، لیڈن یونیورسٹی لائبریری نیدر لینڈز ، برمنگھم یونیورسٹی لائبریری برطانیہ اور برلن لائبریری جرمنی میں مدنی خط میں تحریر قرآن مجید کے نسخے موجود ہیں۔