مکہ: (ویب ڈیسک) ماہ رمضان کی آمد آمد ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس مقدس مہینے میں اللہ تعالی کی لاتعداد رحمتیں اور نعمتیں سمیٹنے کے لیے کوشاں ہیں، کچھ خوش نصیب اس ماہ رمضان اللہ کے گھر کی زیارت بھی کریں گے ۔ عمرہ اور اعتکاف کی نیت سے مکہ جانے والے افراد کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کے گورنر اور مرکزی حج کمیشن کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل نے ہدایات جاری کی ہیں کہ رمضان کے مہینے میں مطاف کا صحن صرف عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے مختص کر دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ معتمرین اپنے مناسک پوری سہولت اور راحت کے ساتھ ادا کر سکیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آخری عشرے کے دوران اعتکاف کے خواہش مند حضرات کے لیے زیر زمین تہہ خانے کو مختص کیا جائے گا۔ دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال حج کے خواہش مند تمام سعودی شہری اور غیر ملکی مقیمین حج سیزن میں حجاج کرام کے لیے خدمات پیش کرنے والی اجازت یافتہ کمپنیوں اور اداروں میں رجسٹریشن کی کارروائی شروع کر دیں۔