لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست اتر کھنڈ میں ہندو لڑکی کے ساتھ گفتگو کرنے پر مسلمان نوجوان کو ہندو انتہا پسندوں نے نرغے میں لے لیا، مشتعل ہجوم کے چنگل سے نوجوان کو بچانے والا سکھ پولیس افسر سوشل میڈیا پر ہیرو بن گیا۔
بھارتی ریاست اتر کھنڈ میں ایک اور مسلمان نوجوان" لو جہاد" کے نام پر قتل ہوتے ہوتے بچ گیا، سکھ پولیس افیسر نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر نوجوان کو ہندو انتہا پسندوں کے چنگل سے چھڑا لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ہندو لڑکی اور مسلمان لڑکا مندر کے پاس ایک دوسرے سے گفتگو کر رہے تھے جب مندر میں موجود لوگوں کو پتہ چلا کہ لڑکا مسلمان ہے تو وہ اسے قتل کرنے کے درپے ہو گئے۔ موقع پرموجود پولیس افسر گگن دیپ سنگھ نے نوجوان کو اپنی حفاظت میں وہاں سے نکال کر لے گیا۔ بہادر پولیس افیسر کو سوشل میڈیا پر حقیقی ہیرو کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔