بیروت: (دنیا نیوز) لبنان میں سعد الحریری تیسری بار حکومت بنانے کے لیے تیار، ایک سو اٹھائیس کے ایوان میں ایک سو گیارہ اراکین کی حمایت حاصل کر لی، صدر میشال عون نے حکومت سازی کی دعوت دے دی۔ حزب اللہ نے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرادی۔
لبنان کے انتخابات میں صرف 21 نشستیں حاصل کرنے کے باوجود، سعد الحریری حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے۔ 128 اراکین کے ایوان میں 111 ارکان نے سعد الحریری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ صدر میشال عون نے سعد الحریری کو حکومت سازی کی دعوت دے دی۔
سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والی جماعت حزب اللہ نے وزارت عظمیٰ کے لیے کوئی امیدوار میدان میں نہیں اتارا، حزب اللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جو بھی وزیراعظم بنے گا ان کو حزب اللہ کی بھرپور حمایت حاصل ہوگی۔ لبنانی آئین کے مطابق صدر مسیحی، وزیراعظم اہل سنت اور سپیکر قومی اسمبلی اہل تشیع مکتب فکر سے ہونا ضروری ہے۔