بغداد: (دنیا نیوز) عراق کے دارالحکومت بغداد میں خود کش حملے میں 4 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق ایک ہفتہ قبل شروع ہونے والے رمضان المبارک کے بعد بغداد میں ہونے والا یہ پہلا دھماکا ہے۔
عراقی ضلع الشعلہ کے سقلاویہ پارک میں خودکش حملہ ہوا، پولیس کے مطابق خود کش حملہ آور کو پارک میں داخل ہونے سے روکا گیا تو اس نے دروازے پر خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔ جس سے 4 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے، اگر حملہ آور پارک کے عین وسط میں پہنچ جاتا تو ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوتی۔
حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار شامل ہے، ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ رمضان االمبارک میں بغداد کے ریستوران، کیفے اور تجارتی علاقے افطاری کے فورا بعد لوگوں سے کھچا کھچ بھرے ہوتے ہیں اور اسی طرح سحری کے وقت بھی ان علاقوں کا ایسا ہی منظر ہوتا ہے۔