عراقی: (ویب ڈیسک) مسلمان ملک کے مسلم سیاستدان کی انوکھی انتخابی مہم، رندوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کر دی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عراق میں 12 مئی کو ہونے والے انتخابی معرکہ میں ایک امیدوار ایسے بھی ہیں ، جنہوں نے روایت سے ہٹ کر "مے نوشی" کرنے والوں سے ووٹ دینے کے لیے اپیل کی ہے۔ بغداد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراقی پارلیمنٹرین فائق علی نے مے نوشوں کو وہ وقت یاد دلایا کہ جب وہ صرف اکیلے ہی ان کے "شوق" کا تحفظ کرنے کے لیے میدان میں رہ گئے تھے۔
سویلین اتحاد کے سربراہ فائق الشیخ علی نے رندوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ مے نوشی کا اپنا شوق بغیر کسی پابندی کے جاری رکھنا چاہتے ہیں تو وہ انہیں ووٹ دے کر ایک مرتبہ پھر پارلیمنٹ کا رکن منتخب کرائیں۔ انھوں نے رندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "عراق کی آٹھ ہزار سالہ قدیم تاریخ میں میرے سوا کسی نے تمھارا ساتھ نہیں دیا، اب وقت آ گیا ہے، تم میرا ساتھ دو، مجھے ووٹ دو"۔
فائق علی عراق میں شراب کی فروخت پر پابندی کی مخالفت کرنے والے پہلے منتخب نمائندے ہیں۔