جانچ پڑتال کے طریقہ کار پر غور کیلئے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس، پہلی بار ایف آئی اے بھی امیدواروں کی ا سکروٹنی کرے گی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات میں امیدواروں کی جانچ پڑتال کے طریقہ کار پر غور کے لیے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اب 7 کے بجائے 8 دن میں ہو گی۔ چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں اسکروٹنی کے عمل میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر روح کے مطابق عمل کیا جائے۔
عام انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنز کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلےکئے گئے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 7 کی بجائے 8 دن میں ہوگی۔ پہلی بار ایف آئی اے بھی امیدواروں کی ا سکروٹنی کرے گی، تمام اداروں نے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی سخت اور بروقت کی جائے۔ کوئی بھی سرکاری ادارہ ڈیفالٹر امیدوار کے بارے میں ریٹرننگ افسر کو بتا سکتا ہے۔ اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر جسٹس رضا خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی موصول ہوتے ہی اداروں کو اسکروٹنی کے لیے بھجوائے جائیں۔
ڈی جی آئی ٹی نے بتایا کہ آن لائن سسٹم کے ذریعے ریٹرننگ افسران کو متعلقہ اداروں سے فوری امیدواروں کی معلومات حاصل ہو سکیں گی۔ اجلاس میں نادرا، اسٹیٹ بینک، آئی ٹی، ایف آئی اے، نیب، واپڈا، سوئی گیس سمیت دیگر اداروں کے حکام شریک ہوئے۔