لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے سرنگ کی دوسری طرف روشنی نظر آ رہی ہے۔ انشا اللہ 2018ء کے الیکشن میں کامیاب ہونگے۔
سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں (ن) لیگ کے خلاف برسرِ پیکار ہیں لیکن اس کے باوجود لوگ جوق در جوق ن لیگ کو سپورٹ کر رہے ہیں، جہاں بھی گیا لوگوں کا جذبہ نظر آتا ہے۔ مجھے سرنگ کی دوسری طرف روشنی نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سینیٹ کے الیکشن میں اربوں روپے چلائے گئے۔ پتہ کیا جانا چاہیے تھا کہ کون بکا ہے، کس کو خریدا گیا اور بیچا گیا؟ یہ کون سی طاقتیں ہیں جنہوں نے یہ کام کیا؟ ایسے شخص کو چیئرمین سینیٹ بنایا گیا جس کو ان کا ہمسایہ نہیں جانتا۔ بلوچستان میں مصنوعی تبدیلی لائی گئی، ہم صوبے میں جو کچھ کرنا چاہتے تھے وہاں کچھ لوگوں نے نہیں کرنے دیا۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے تحریکِ انصاف کے لوگ خریدے، عمران خان نے ان کو ہی ووٹ دیدیے۔ عمران خان کا ضمیر اس وقت کہاں تھا جب تیر کے نشان پر مہر لگا دی گئی۔ انھیں قوم کو جواب دینا ہو گا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نیا پاکستان بنانے کا اصول لے کر نکلے تھے لیکن انہوں نے دھرنوں، منافقتوں اور پگڑیاں اچھالنے کے کوئی کام نہیں کیا۔ ان کی حکومت نے خیبر پختونخوا کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ اگر کے پی میں کچھ کیا ہوتا تو ادھر ہمارے جلسوں میں لوگ نہ آتے اور صوبہ خود بول رہا ہوتا۔ الیکشن میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونے دیں گے، 2018 میں ن لیگ خیبر پختونخوا میں بھی کامیاب ہو گی۔