مسقط: (دنیا نیوز) طوفان سے سینکڑوں گھر زیر آب آ گئے، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، مختلف واقعات میں پانچ افراد ہلاک چالیس لاپتہ ہوگئے۔
عمان میں سمندری طوفان میکونو کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ شہری علاقوں میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، سیلابی ریلے گاڑیاں، عمارتیں اور راستے میں آنے والی ہر شے کو بہا کر لے گئے۔ ساحلی پٹی پر موجود سینکڑوں گھر بھی زیر آب آ گئے۔ سمندر کا پانی رہائشی علاقوں میں آنے سے ہر طرف مچھلیاں بکھر گئیں۔ اس کے علاوہ ندی نالوں میں بہاؤ حد سے تجاوز کرنے کے باعث شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ دو دن سے طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔