مصر نے یوٹیوب پر عارضی پابندی عائد کر دی

Last Updated On 27 May,2018 08:16 pm

مصر: (ویب ڈیسک) پیغمبر اسلام ﷺ کی توہین پر مبنی ایک متنازع ویڈیو فلم کو نہ ہٹانے کا معاملہ، اہم اسلامی ملک نے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ پر پابندی عائد کر دی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصر کی اعلیٰ انتظامی عدالت نے ویڈیو شئیرنگ کی مقبول ویب سائٹ یو ٹیوب کو ایک ماہ کے لیے بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس نے یوٹیوب کے خلاف یہ حکم پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین پر مبنی ایک متنازع ویڈیو فلم کو نہ ہٹانے پر جاری کیا ہے۔ یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی متنازع فلم "مسلمانوں کی معصومیت" 13 منٹ دورانیے کی ہے، جو کیلی فورنیا میں بنائی گئی تھی اور پہلی مرتبہ 2012ء میں انٹرنیٹ پر جاری کی گئی تھی۔ اس کے خلاف مسلم دنیا میں سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مصر کی کمونیکیشنز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے عدالت کے اس حکم پر ابھی تک کوئی رد عمل نہیں دیا۔

خیال رہے کہ مصر کی ایک ماتحت انتظامی عدالت نے کمیونیکشنز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کو 2013ء میں گوگل کی ملکیتی ویب سائٹ یوٹیوب کو اس ویڈیو کو نہ ہٹانے پر بلاک کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ایک اور عدالت نے اس کے خلاف حکم امتناعی جاری کردیا تھا اور وزارت نے کیس کے خلاف اپیل دائر کردی تھی۔

Advertisement