بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے 40 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Last Updated On 29 May,2018 08:05 pm

دہلی(آن لائن) بھارت کی مختلف ریاستوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 40 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات اتر پردیش،بہار اور جھارکھنڈ کی ریاستوں میں پیش آئے،بہار میں 19 افراد ہلاک جبکہ ہمسایہ ریاست جھارکھنڈ میں 12 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے۔

سیکریٹری انفارمیشن ایونیش اوستی کا کہنا تھا کہ اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے،متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ضلعی مجسٹریٹ کو آئندہ 24 گھنٹوں میں امدادی سامان متاثرین تک پہنچانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھارت کی مختلف ریاستوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 170 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔جون 2016 میں بھارت کی مختلف ریاستوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 73 افراد ہلاک ہوگئے تھے