اہم یورپی ملک میں برقعے پر پابندی کا قانون منظور

Last Updated On 31 May,2018 08:23 pm

کوپن ہیگن: (ویب ڈیسک) کئی دیگر یورپی ممالک کی طرح ڈنمارک حکومت کی بھی برقعے اور نقاب کے استعمال پر پابندی، ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے قانون منظور کر لیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکینڈے نیویا کی بادشاہت ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں حکومت کی جانب سے نقاب اور برقعے پر پابندی کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا جو منظور ہوگیا، پابندی کے حق میں 75 جب کہ مخالفت میں 30 ووٹ آئے تاہم 74 نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

ڈینش حکومت کی اس قانون سازی کو "برقعہ بین" کا قانون کہا جا رہا ہے۔ اس قانون سازی کے بعد ڈنمارک میں کسی کو بھی عوامی مقامات پر پورا جسم ڈھانپنے والا برقعہ یا پورے چہرے کا نقاب استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ قانون یکم اگست سے نافذالعمل ہو جائے گا۔ جو فرد پہلی مرتبہ اس قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو گا، اسے ایک ہزار کرونے تک جرمانہ کیا جا ئے گا۔ بار بار اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو 10 ہزار کرونے تک جرمانہ کرنے کے علاوہ چھ ماہ تک قید کی سزا بھی سنائی جا سکے گی۔

Advertisement