'اسرائیل اور فلسطین جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں'

Last Updated On 31 May,2018 09:14 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) غزہ میں صیہونی فورسز کی کارروائیوں میں شدت، اقوام متحدہ کے ایلچی نے سلامتی کونسل کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کےدرمیان حالیہ کشیدگی کے بعد غزہ جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔

اقوام متحدہ کے ایلچی مسٹر نیکولے ملادینوف نے مقبوضہ بیت المقدس سے ویڈیو لنک کے ذریعے سلامتی کونسل کے اجلاس میں شر کت کی، انھوں نے سلامتی کونسل کوبتایا کہ حملوں کا حالیہ سلسلہ ہم سب کے لیے ایک انتباہ ہے کہ اسرائیل اور فلسطین روز بروز جنگ کے دہانے کے کتنے قریب ہوتے جارہے ہیں۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا ہے جب سلامتی کونسل میں غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیموں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے حوالے سے تعطل برقرار ہے اور کونسل ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرپائی ہے، جس سے صورت حال کو مزید خراب ہونے سے روکا جاسکے۔

واضح رہے کہ 2014ء میں اسرائیل کی غزہ پر مسلط کردہ جنگ کے بعد ایک مرتبہ پھر فلسطینی علاقے میں شدید کشیدگی پائی جارہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے 14 مئی کے بعد سےصہیونی قبضے کے خلاف احتجاج کرنے والے ہزاروں پر امن مظاہرین پر متعدد مرتبہ اندھا دھند فائرنگ کی ہے۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں ایک سو سے زیادہ فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔