لاہور: (دنیا نیوز) امریکی سفارتکاروں کو کیوبا کے بعد چین میں بھی عجیب و غریب آوازیں سنائی دینے لگیں، بیمار پڑنے پر کئی امریکی سفارتکاروں کو واپس بلا لیا گیا۔ چینی حکام کہتے ہیں ہمیں کوئی آواز سنائی نہیں دی، امریکہ تفصیل سےآگاہ کرے تو تفتیش کریں گے۔
چین کے شہر Guangzhou میں امریکی قونصلیٹ کے اہلکارعجیب و غریب آوازوں سے پریشان ہیں، نہ سمجھ آنے والی آوازوں کے باعث امریکی سفارتکاروں پر عنودگی اور نیم بےہوشی کی کیفیت طاری ہونے لگی۔ واشنگٹن نے متعدد سفارتکاروں کو وطن واپس بلا لیا جن کا تفصیلی طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں قونصل خانےکے آس پاس ایسی کوئی آواز سنائی نہیں دی تاہم امریکی حکام تفصیلات سےآگاہ کریں تو معاملے کی تفتیش کی جا سکتی ہے۔
گزشتہ سال کیوبا کے شہر ہوانا میں بھی امریکی سفارتکاروں کے ساتھ اس طرح کے واقعات پیش آئے تھے جس کے بعد سفارتخانے کے تمام24 اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا تھا۔