سنگاپور: (دنیا نیوز) شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن سنگاپور پہنچ گئے، سخت سیکورٹی انتظامات میں ہوٹل لے جایا گیا۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 12 جون کو ملاقات کریں گے۔
میڈیا کے مطابق کِم جونگ کو سخت سیکیورٹی انتظامات میں ہوائی اڈے سے سینٹ ریجس ہوٹل لے جایا گیا اور اس موقع پر راستوں کو بند کر دیا گیا تھا۔ سنگاپور کی وزارت اطلاعات نے کِم جونگ کی تصاویر جاری کی ہیں، جن میں وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن انکا استقبال کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس تاریخی ملاقات کی کوریج کے لیے دنیا بھر سے ڈھائی ہزار سے زائد صحافی سنگاپور پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور کوریائی رہنماؤں کی ملاقات کے انتظامات پر 20 لاکھ ڈالر سے زائد خرچ آیا ہے۔