اٹلی: (دنیا نیوز) اٹلی کی نو منتخب حکومت نے اپنی بندرگاہیں تارکین وطن کی کشتیوں کے لیے بند کرنے کا حکم دے دیا۔ تارکین وطن کو لے کر آنے والا سمندری جہاز دو دن سے کھلے سمندرمیں رکنے پر مجبور ہے۔
اٹلی کی نو منتخب حکومت فاشزم کے نقش قدم پر، وزیر داخلہ ماٹیو سالوینی نے بندرگاہیں تارکین وطن کی کشتیوں کے لیے بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔ چھ سو انتیس تارکین وطن کو لے کر آنے والا سمندری جہاز دو دن سے کھلے سمندرمیں رکنے پر مجبور ہے، جن میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
دوسری جانب اٹلی اور مالٹا کی جانب سے ٹھکرائے جانے والے تارکین وطن کو سپین نے اپنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین نے اس فیصلہ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ تاہم مالٹا کا کہنا ہے کہ وہ اب تارکین کو امدادی اشیاء فراہم کرے گا۔