کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں جنگ بندی کے وعدے صرف دعوے ثابت ہوئے، طالبان نے صوبہ فریاب کے ضلع کوہستان پر قبضہ جما لیا، گورنر سمیت آٹھ افراد قتل کر دیے، سرائے پل میں طالبان اور افغان فورسز کی شدید لڑائی جاری ہے۔
طالبان نے افغان حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے ہوا میں اڑا دیے، گزشتہ رات طالبان جنگجوؤں نے صوبہ فریاب کے ضلع کوہستان پر قبضہ جما لیا۔ حملہ آوروں نے گورنر سمیت آٹھ افسران کو قتل کر دیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گورنر کی رہائشگاہ سمیت اہم عمارتیں طالبان کے کنٹرول میں ہیں۔ دوسری جانب سرائے پل میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔
گزشتہ دنوں افغان حکومت نے 12 سے 19 جون تک جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں طالبان نے بھی عید کے تین دن افغان فورسز پر حملے نہ کرنےکا وعدہ کیا۔