واشنگٹن: (دنیا نیوز) بچین بحر الکاہل پر امریکی احداف کو نشانہ بنانے کی مشق کر رہا ہے، پینٹاگون نے امریکی سینیٹ میں رپورٹ پیش کر دی۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ چین تائیوان پر زبردستی قبضہ کرنے کی بھی تیاریاں کر رہاہے۔
چین کی بڑھتی ہوئی عسکری طاقت سے امریکہ کی نیندیں حرام ہو گئیں۔ پینٹاگون نے امریکی اہداف پر ممکنہ چینی حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا، امریکی وزارت دفاع کی جانب سے سینیٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق چینی فوج بحر الکاہل میں امریکی اہداف پر ’حملے کی تیاریاں‘ کر رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین تائیوان پر بھی زبردستی قبضہ کرنے کے انتظامات کر رہا ہے اور اگر امریکہ نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو دو عالمی طاقتوں کے درمیان جنگ بھی چھڑ سکتی ہے۔ پینٹاگون کے مطابق چین کا دفاعی بجٹ 190 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو اگلے دس سالوں میں 240 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتا ہے جبکہ امریکہ کا دفاعی بجٹ 639 ارب ڈالر ہے۔