مدینہ منورہ: (دنیا نیوز) لبیک اللھم لبیک، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا، عازمین کی نماز فجر کے بعد وادی منیٰ سے میدان عرفات روانگی، لاکھوں فرزندان اسلام خطبہ حج سنیں گے۔
عازمین حج نے ساری رات عبادت، ذکر اذکار میں گزاری، نماز فجر پڑھ کر میدان عرفات کا رُخ کریں گے۔ حج کے رکن اعظم، وقوف عرفات کی ادائیگی کیلئے لاکھوں عازمین خطبہ حج سنیں گے، جسے پہلی بار اردو زبان میں بھی پیش کرنے کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔
حجاج کرام ظہراور عصر کی نمازیں اکٹھی پڑھیں گے۔ غروب آفتاب کے بعد عرفات سے مزدلفہ پہنچیں گے، نماز مغرب اور عشاء اکٹھی ادا کی جائے گی۔ حجاج کرام رات بھرمیدان عرفات میں عبادت و ریاضت، اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر گناہوں کی معافی طلب کریں گے۔ حجاج کرام منگل کی صبح سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے جانوروں کی قربانی کریں گے۔
دوسری جانب غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب جاری ہے، گورنر مکہ، سعودی اعلیٰ حکام، مسلم ممالک کے سفیر اور خصوصی نمائندے شریک ہیں۔
غلاف کعبہ خادم الحرمین شریفین کی جانب سے بطورہدیہ پیش کیا جاتا ہے، غلاف کعبہ کی تیاری میں 150 کلو خالص سونا چاندی اور 670 کلو ریشم استعمال ہوا، 47 حصوں پر مشتمل غلاف کا ہر حصہ 14 میٹر لمبا اور 95 سینٹی میٹر چوڑا ہے۔