بغداد (نیٹ نیوز ) عراق میں سیاسی گروپ سائرون کے رہنما صباح الساعدی نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کے مذہبی مرجع علی سیستانی نے عراقی حکومت کی سربراہی کے لیے امیدوار پانچوں شخصیات کے ناموں کو سرکاری طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ان امیدواروں میں حیدر العبادی سرِفہرست ہیں۔
الساعدی کے مطابق سیستانی نے نجف میں ایرانی عہدے دار سے ملاقات میں آگاہ کیا کہ حیدر العبادی، نوری المالکی، ہادی العامری، فالح الفیاض اور طارق نجم ان میں سے کسی کی قسمت میں آئندہ عراقی حکومت میں وزیراعظم کا منصب سنبھالنا نہیں ہے۔ اس سے قبل سیستانی یہ مطالبہ کر چکے ہیں کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ آئندہ وزیراعظم کا انتخاب قوت اور عزم کے ساتھ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت کی تشکیل سابقہ حکومتوں سے مختلف ہونی چاہیے۔