عراق میں ایرانی ایجنٹوں کی کارروائی کا جواب دینگے :امریکا

Last Updated On 12 September,2018 05:08 pm

نیویارک (نیٹ نیوز ) امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ عراق میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے کسی بھی فوجی کارروائی سے باز رہے ورنہ امریکا ایران کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق میں امریکی تنصیبات کو ایرانی ایجنٹوں کے ہاتھوں نقصان پہنچا تو ایران کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔


بیان میں امریکا نے ایران پر الزام عاید کیا ہے کہ تہران نے عراق کے شہر بصرہ میں امریکی قونصل خانے اور بغداد میں سفارت خانے کے آڈیٹوریم پر اپنے حامیوں کو حملوں سے نہیں روکا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں ہم نے عراق میں کئی ایسے واقعات دیکھے جن میں لوگوں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کیا گیا۔ بصرہ میں امریکی قونصل خانے کو حملوں کانشانہ بنایا گیا اور بغداد میں امریکی سفارت خانے کی عمارت کونقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

ایران نے ان واقعات کی روک تھام کے لیے کچھ نہیں۔ عراق میں ایران کی طرف سے فراہم کردہ اسلحہ اور اس کے تربیت یافتہ عناصر امریکی تنصیبات پرحملوں میں ملوث ہیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر عراق میں امریکی تنصیبات کو ایرانی ایجنٹوں کے ہاتھوں کوئی نقصان پہنچتا ہے تو امریکا اس کا فوری اور موثر جواب دے گا اور ہم عراق میں اپنے شہریوں کی جانوں کا ہرممکن دفاع کریں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کے روز جنوبی عراق کے شہر بصرہ میں امریکی قونصل خانے پر تین ہاون راکٹ داغے گئے تھے تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔