جکارتہ (دنیا نیوز ) انڈونیشیا میں زلزلے اور سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد بارہ سو تین ہوگئی، حکومت نے تباہ حال صورت سے نکلنے کے لیے عالمی برادری سے مدد مانگ لی۔
انڈونیشیا میں سات اعشاریہ پانچ شدت کے زلزلے نے ہر شے تہس نہس کر دی۔ سب سے زیادہ تباہی سولاویسی کے شہر پالو میں ہوئی جہاں ہزاروں گھر تباہ ہوگئے، دریا پر بنےپُل بھی ٹوٹ گئے۔ ڈرون فوٹیج میں تباہی کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔
نیشنل پولیس ہیڈکوارٹر کے اعداد و شمارکے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بارہ سو سے تجاوز کرگئی۔ متعدد افراد ابھی تک عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہیں۔ صدر جوکو وڈوڈو نے تباہ حال صورتحال سے نکلنے کے لیے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کر دی۔