واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئر مشیر کیلیان کونوے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جنسی ہراسگی کا نشانہ بن چکی ہیں،کوئی شخص نہیں بلکہ آپ کا نجی برتاؤ ہراسگی کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
امریکی چینل سی این این کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئر مشیر کیلیان کونوے نے انکشاف کیا کہ وہ جنسی ہراسگی کا نشانہ بن چکی ہیں۔ تاہم انہوں نے اس فعل کے مرتکب اور مقام ارتکاب کے بارے میں کوئی تفصیل بتانے سے گریز کیا۔ کونوے نے یہ انکشاف گزشتہ روز امریکی چینل سی این این پر نشر ہونے والے پروگرام میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران کیا، انٹرویو میں کونوے ٹرمپ کے نامزد امیدوار بیرسٹر بریٹ کیونو کے سپریم کورٹ میں تقرر کا دفاع کر رہی تھیں۔
خاتون مشیر نے کہا کہ میں جنسی حملے، جنسی ہراسگی اور عصمت دری کا نشانہ بننے والوں کے حوالے سے انتہائی ہمدردی محسوس کرتی ہوں، انہوں نے کہا کہ میں جنسی حملے اور ہراسگی کا نشانہ بن چکی ہوں، بیرسٹر کیونو یا کوئی اور بھی شخص اس کا ذمہ دار نہیں، آپ کے نجی برتا ؤکا ذمہ دار آپ کو خود ہونا چاہیے ۔