ترکی: صحافی جمال خاشقجی کے مبینہ اغواکاروں کی ویڈیو جاری

Last Updated On 10 October,2018 07:32 pm

استبول: (دنیا نیوز) ترک میڈیا نے سعودی عرب کے معروف صحافی جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی ہے۔

ویڈیو میں کالی گاڑیوں کو استنبول ہوائی اڈے کے ذریعے ترکی میں داخل اور روانہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمال خاشقجی دو اکتوبر کو سعودی قونصل خانے میں داخل ہوئے اور اس کے بعد انھیں کہیں دیکھا نہیں گیا۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ چینل پر نشر ہونے والی ویڈیو بظاہر سیکیورٹی کیمروں کی مدد سے بنائی گئی ہے۔ اس فوٹیج میں ان کالی وینز کو قونصل خانے کی جانب جاتے دیکھا جا سکتا ہے جو کہ اس تفتیش میں مرکزی اہمیت رکھتی ہیں۔ سعودی مردوں کا ایک گروہ ترکی میں داخل ہوتے، ہوٹل میں وقت گزارتے اور پھر ملک چھوڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ گروہ ایک خصوصی سعودی طیارے سے ترکی آیا۔

جمال خاشقجی قونصل خانے میں اپنی طلاق کے معاملات طے کرنے کے لیے گئے تھے تاکہ وہ اپنی ترک منگیتر ہیتیس سنگز سے شادی کر سکیں۔ ویڈیو میں انھیں قونصل خانے میں داخل ہوتے دیکھا گیا اور ان کی منگیتر باہر انتظار کر رہی ہیں۔