انقرہ: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں ترکی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انقرہ میں ترک صدر طیب اردوان اور ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اوغلو سے ملاقات کی جس میں سعودی صحافی کیس کے علاوہ ترکی پر عائد پابندیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
امریکا نے امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی رہائی کے بعد ترکی پر عائد پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے ترکی پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی رہائی کے بعد ترکی پر عائد امریکی پابندیاں اٹھائی جا سکتی ہیں کیوں کہ ترکی پرعائد بیشتر پابندیوں کا تعلق امریکی پادری کی گرفتاری سے تھا جن کا اب جواز نہیں بنتا۔
دوسری جانب ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا اور اس قسم کے فیصلوں سے ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوتے ہیں لہذا ان معاملات پر پابندیاں عائد نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے ترکی نے دہشت گردوں سے روابط کے الزام میں امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کو حراست میں لے کر ان پر متعدد پابندی عائد کی تھی جس پر ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی گئی تھیں تاہم رواں ماہ ترکی کی عدالت نے امریکی پادری پر عائد سفری پابندیاں ختم کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔