وسط ایشیائی ریاستوں پر مشتمل 17 ملکی تجارتی بلاک بنانے کا فیصلہ

Last Updated On 21 October,2018 11:18 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان اور بھارت سمیت وسط ایشیائی ریاستوں اور جنوبی ایشیا کے 17 ممالک پر مشتمل نیا تجارتی بلاک بنانے اور تجارت کے فروغ کیلئے ملٹی لیٹرل ٹریڈ کریڈٹ، انویسٹمنٹ (ری گارنٹی) ایجنسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تجارتی بلاک سرمایہ کاری اور فنانشل سیکٹر میں تعاون بڑھانے کیلئے معاہدہ بھی کرائے گا اس ضمن میں اے ڈی بی کے ایگزیکٹو بورڈ نے تکنیکی اور مالی امداد کی منظوری دے دی۔ بلاک میں پاکستان، چین، بھارت، افغانستان، آرمینیا، آذربائیجان، بنگلہ دیش، بھوٹان، جارجیا، قزاقستان، کرغزستان، مالدیپ، منگولیا، نیپال، سری لنکا، تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق اے ڈی بی نے کہا کہ اس سے خطے کے ممالک میں کم خرچ، کم وقت اور نرم شرائط پر تجارت ممکن ہو سکے گی، اس وقت چین اور بھارت کو چھوڑ کر پاکستان سمیت تمام رکن ممالک میں تجارتی سہولیات اور سرمایہ کاری کے فروغ کی راہ میں رکاوٹیں موجود ہیں اور ان کا فنانشل سپورٹ سسٹم بھی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں رکاوٹ ہے، یہ گارنٹی ایجنسی رکن ممالک میں گھریلو صنعتوں کو ملٹی نیشنل اور غیر ملکی کمپنیوں کی کاروباری مسابقت سے پیش آنے والی مشکلات کو حل کرانے اور ان کی ترقی کیلئے رکن ممالک میں فنڈ کے قیام کی بھی سفارش کرے گی۔

اے ڈی بی کے مطابق یہ گارنٹی ایجنسی رکن ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور فنانشل سیکٹر کے تعاون کے معاہدے پر بھی عمل درآمد کی ذمہ دار ہو گی۔