لاہور (روزنامہ دنیا ) چین کے صدر شی جن پنگ پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے درمیان اس سطح کے تعلقات کے خواہاں ہیں جو ن لیگ کے ساتھ تھے اس کیلئے ٹاسک چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کو دیا گیا جنہوں نے گزشتہ ماہ پاکستان کے دورہ کے دوران صدر شی کا پیغام وزیر اعظم عمران خان کو پہنچایا اب اسے حتمی شکل دینے کیلئے چینی وزیر سانگ تاﺅ پاکستان کے دورے پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین کو پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ جماعتی سطح پر تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے عمومی بالخصوص سی پیک منصوبہ میں مشکلات پیش آ رہی تھیں کیونکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور ن لیگ کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن موجود تھا جس سے دونوں ملکوں کو بہت سے شعبوں میں آسانی اور ایک دوسرے کااعتماد حاصل تھا۔ صدر شی جن پنگ پاکستانی حکومت کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف سے جماعتی سطح پر تعلقات ضروری سمجھتے ہیں ،
ماضی قریب میں چین کے نواز شریف حکومت کے ساتھ ن لیگ سے بھی بہترین تعلقات تھے حتیٰ کہ صدر شی جن پنگ کے نواز شریف، شہباز شریف سے ذاتی تعلقات قائم ہوگئے تھے جس کا دونوں ممالک کو سہولت اور فائدہ حاصل تھا، تحریک انصاف کی حکومت آنے پر چین جماعتی سطح پر تعلقات کی کمی محسوس کر رہا تھا اس مقصد کے لئے وزیر خارجہ وانگ ژی کو ٹاسک دیا گیا۔ گزشتہ ماہ دونوں حکمران جماعتوں تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی کے درمیان جماعتی سطح پر تعلقات کے قیام کا اصولی طور پر فیصلہ ہوگیا تھا جسے گزشتہ روز چینی وزیر سانگ تاﺅ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات میں حتمی شکل دے کر یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔
اسی تناظر میں مہمان وزیر سانگ تاﺅ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور جماعتی سطح پر تعلقات استوار کرنے کے اقدام پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کے ساتھ تعلقات اس سطح پر قائم ہو جائیں گے جس سطح پر ن لیگ کے ساتھ تھے۔