کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے شمالی صوبے تخار میں طالبان کے حملے میں 14 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ رواں ہفتے میں طالبان کی جانب سے افغان فورسز پر کئی حملے کیے گئے ہیں۔
مقامی افغان حکام کے مطابق تخار کے ضلع خواجہ گڑھ کے فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں 6 اہلکار لاپتہ بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ افغان صوبے غزنی میں بھی طالبان نے دو پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کیے جس میں متعدد اہلکار ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان لڑائی تاحال جاری ہے۔
افغان سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں طالبان کا بھی بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔ افغان حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں ہوا ہے تاہم طالبان نےحملےکی ذّمے داری قبول کر لی ہے۔
دو روز قبل بھی طالبان نے قندوز صوبے میں حملہ کر کے 7 افغان فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا جب کہ گزشتہ اتوار بھی طالبان نے غزنی کے ضلع خوگیانی میں حملہ کر کے 13 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔