بھارتی جیل میں 10 سال سے قید پاکستانی شہری عمران وارثی رہا

Last Updated On 23 December,2018 06:31 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کی جیل میں قید پاکستانی شہری عمران وارثی کو رہا کردیا گیا۔ 26 دسمبر کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن دہلی کو عمران وارثی کی رہائی سے متعلق آگاہ کر دیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے عمران وارثی 10 سال بھوپال کی جیل میں قید رہے۔ ان کی سزا اس سال جنوری میں ختم ہوئی تاہم جرمانے کی عدم ادائیگی پر رہائی نہیں ہوسکی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران وارثی اپنی کزن سے شادی کیلئے بھارت گئے تھے۔ عمران وارثی نے اپنے ایک وڈیو بیان میں کہا ہے کہ ان کی بیوی اور بچے بھارت میں ہی ہیں جنہیں پاکستان لانے کیلئے وہ پاکستانی حکام سے مدد لیں گے۔

اس سے پہلے پاکستان نے بھی بھارتی جاسوس حامد انصاری کو سزا پوری ہونے پر مردان جیل سے رہا کیا تھا، اسے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔