سال 2018 کی فلاپ بالی ووڈ فلمیں

Last Updated On 22 December,2018 10:29 pm

ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں 2018 کا سال بالی ووڈ پر راج کرنے والے خانز کے لیے کچھ اچھا نہیں گزرا جہاں استری، بدھائی ہو،اندھادھن، دھڑک جیسے چھوٹے بجٹ اور بنا اسٹار کاسٹ کی فلمیں ہٹ ہوئیں وہیں کثیر سرمائے اور مہان اسٹار کاسٹ کے ہوتے ہوئے بڑی فلموں نے پروڈیوسرز کا سارا سرمایا ڈبو دیا۔

“ٹھگز آف ہندوستان”

دیوالی پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم “ٹھگز آف ہندوستان” کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد عامر خان کے کیریر پر سوالیہ نشان لگ گیا.تفصیلات کے مطابق عامر خان، امیتابھ بچن، کترینا کیف اور فاطمہ ثنا شیخ جیسی بڑی اسٹار کاسٹ پر مشتمل ٹھگز آف ہندوستان بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم تھی، جس کی تکمیل میں دو سال کا عرصہ لگا تھا.ناقدین اور شائقین کو فلم سے کئی امیدیں وابستہ تھیں، البتہ فلم باکس آفس پر منہ کے بل گر گئی اور پہلے دن ریکارڈ 52 کروڑ‌کرنے کے باوجود بری طرح فلاپ ثابت ہوئی. تجزیہ کاروں‌ کے مطابق یہ نہ صرف سال 2018، بلکہ بالی وڈ میں گذشتہ پانچ برس کی بدترین ناکامی تصور کی جارہی ہے.

’ریس 3‘

سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں عید الفطر پر 15 جون کو ریلیز ہوئی جس میں انیل کپور ،بوبی دیول سمیت کئی اداکاروں نے کام کیا۔ ایکشن تھرل پر بنائی جانے والی فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ریمو ڈی سوزا نے سرانجام دیے، ریلیز سے قبل ہی ریس تھری کی ناظرین میں کافی حد تک مقبولیت حاصل کرلی تھی۔ دبنگ خان اس فلم میں انیل کپور کے بیٹے کا کردار ادا کیا۔ عوامی سطح پرفلم کو پہلے روز مقبولیت حاصل ہوئی تاہم سینماگھروں پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین نے ریس تھری کو خاطر خواہ فلم قرار نہیں دیا۔ترن آدھرش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ہدایت کار نے ایک اچھا موقع کھو دیا، فلم کافی مایوس کن ہے جس کے لیے صرف دو اسٹارز دیتا ہوں‘۔

سلمان خان کی تمام تر اسٹارڈم پاور کے باوجود یہ فلم اپنے بجٹ سے محض 50 کروڑ ہی زیادہ کما پائی جب کہ فلم ناقدین اور پروڈیوسرز کے مطابق 115 کروڑ کے بجٹ سے بننی والی اس فلم کو کم ازکم350 کروڑ کی کمائی کرنی چاہیے تھی،مگر فلم باکس آفس پر صرف165 کروڑ ہی کما سکی، فلم کے فلاپ ہونے کی وجہ کمزور اسکرپٹ کے ساتھ ساتھ ریمو ڈی سوزا کی کمزور ڈائرکشن بھی تھی،اس سے قبل ریس سیریز کی دونوں فلموں کی ہدایت کاری کے فرائض ہدایتکار بھائیوں کی جوڑی عباس مستان نے دی تھی جو سسپنس فلمیں بنانے کے حوالے سے بہت زیادہ مشہور ہیں جب کہ ریس سیریز کی گزشتہ دو کامیاب فلموں میں مرکزی کردار سیف علی خان نے نبھایا تھا۔

"بازار"


بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کا فلمی کیریئرگزشتہ کئی سالوں سے ڈگمگا رہا ہے ،ان کی5 سال میں اتنی فلاپ فلمیں آئی ہیں کہ فلم بینوں کواب ان کی آخری کامیاب فلم کا نام تک یاد نہیں اس سال بھی سیف علی خان کی دو فلمیں"قلاقندی" اور"بازار" دونوں باکس آفس پر بری طرح پٹ گئیں،گو کہ"بازار"میں سیف علی خان نے اپنے کردار میں ڈوب کر اداکاری کی ہے ،مگر ان کی یہ جانداری اداکاری ایک کمزور اسکرپٹ کی حامل فلم کو فلاپ ہونے سے نہ بچا پائی ،فلم کو سیف علی خان کے دیرینہ دوست پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نکھل ایڈوانی نے پروڈیوس کیا تھا جس کی کُل لاگت 40 کروڑ تھی مگر "بازار"باکس آفس پر اپنے بجٹ کا صرف آدھا ہی کما پائی اور یوں سیف سلمان اور عامرکے بعد تیسرے خان ہیں جن کےلیے 2018 کا سال کچھ اتنا اچھا نہیں رہا۔

’نمستے انگلینڈ‘

بالی ووڈ اداکار ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا کی فلم ’نمستے انگلینڈ‘ سے ان کے مداحوں کو خوب امیدیں وابستہ تھیں تاہم اس نے مایوس کر دیا ۔فلم ’نمستے انگلینڈ‘ کی ریلیز کے موقع پر اس کے مقابلے اداکار ایوشمان کھرانہ کی فلم ’بدھائی ہو‘ بھی ریلیز ہوئی، تاہم شائقین کو امید تھی کہ ارجن کپور کی فلم باکس آفس پر زیادہ کمائی کرے گی۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا دونوں کا شمار بولی وڈ کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے، دوسری وجہ یہ کہ ان دونوں کی جوڑی اس سے قبل بھی ہٹ ثابت ہوچکی ہے تاہم ہوا کچھ اور ہی۔ آیوشمان کھرانہ کی فلم ”بدھائی ہو“ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن 7 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے جبکہ ارجن اور پرینیتی کی فلم نے تقریباً 2 کروڑ روپے حاصل کئے۔پروڈیوسر بونی کپور کے بیٹے ارجن اور اداکارہ پرینکا چوپڑا کی کزن پرینیتی کے مداحوں کے لئے اس سے زیادہ افسوس کی بات یہ رہی کہ فلم ’نمستے انگلینڈ‘ کو نہ تو شائقین نے پسند کیا، نہ ہی فلم کو تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل موصول ہوا جبکہ آیوشمان کھرانہ کی کامیڈی فلم تجزیہ کاروں اور شائقین کی جانب سے خوب پسند کی گئی۔ فلم نمستے انگلینڈ 18 اکتوبر کو دنیا بھر میں نمائش کے لئے پیش کی کیا 60 کروڑ کے کثیر سرمائے سے بننے والی یہ فلم باکس آفس پر 8 کروڑ بھی نہ جوڑ پائی اور فلم کے 9 پروڈیوسرز کے پیسے باکس آفس کی گنگا میں ڈوب گئے۔

۔دوسری جانب پرینیتی کے کریئر کی بات کی جائے تو اداکارہ نے اپنی آخری ہٹ فلم ’گول مال 4‘ دی تو 2017 میں تھی تاہم اس میں پرینیتی کا کوئی خاص مرکزی کردار نہیں تھا۔اس کے علاوہ ان کی حالیہ برسوں میں سامنے آنی والی فلمیں ’میری پیاری بندو‘، ’کل دل‘ اور ’دعوت عشق‘ سب ہی باکس آفس پر بری طرح ناکام رہیں۔یہ دونوں اداکار بہت جلد ایک اور فلم ’سندیپ اور پنکی فرار‘ میں بھی کام کرتے نظر آئیں گے، جو مارچ 2019 میں ریلیز ہوگی۔

"فنے خان"


اسی فہرست میں انیل کپور، ایشوریا رائے اور راجکمار راؤ کی میوزک، کامیڈی اور ایموشنز سے بھرپور فلم "فنے خان" کا نام بھی آتا ہے،ایک ایسے وقت میں جب انیل کپور اور ایشوریا رائے کا فلمی کیریئر کچھ اتنا اچھا نہیں چل رہا۔ فلم کا باکس آفس پر پٹ جانا ایک لازمی امر تھا،تمام تر مصالحہ موجود ہونے کے باوجود بھی فلم کسی کو بھی متاثر نہ کر سکی اور 35 کروڑ کے سرمائے سے بننے والی فلم تمام تر ہاتھ پیر مارنے کے باوجود باکس آفس سے محض 9 کروڑ ہی کما پائی ۔اس طرح ایشوریا رائے کا ایک بار پھر کم بیک ایک فلاپ فلم کے ساتھ رہا،فلم کے پروڈیوسرز میں چونکہ انیل کپور بھی شامل تھے تو ان کے زخم کچھ زیادہ ہی ہرے ہوں گے،بہرحال اپنی کمزور ڈائرکشن کی وجہ سے"فنے خان" کا باکس آفس پر ہٹ ہونا ایک خام خیالی ہی تھا۔

اس کے علاوہ سال 2018 میں شاہد کپور اور شردھا کپور کی "بتی گُل میٹر چالُو"دیول فیملی کی "یملہ پگلا دیوانہ پھر سے"اور ورن دھون کی "اکتوبر" بھی شائقین کو زیادہ متاثر نہ کر پائیں اور باکس آفس پر بری طرح پٹ گئی