2018 کے بہترین اسمارٹ فونز کونسے ہیں؟

Last Updated On 20 December,2018 10:51 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جدید اسمارٹ فونز بنانے والی نامور کمپنیز نے رواں برس بھی کئی فونز متعارف کروائے۔ جدید فیچرز کی حامل کئی ڈیوائسز دنیا بھر میں انتہائی مقبول ثابت ہوئیں۔

سام سنگ گلیکسی نوٹ 9


سام سنگ الیکٹرانکس کمپنی لمیٹڈ نے اپنی پریمیم نوٹ سیریز میں تازہ ترین اضافہ کرتے ہوئے گلیکسی نوٹ 9 کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔ پری آرڈرز پر ایک مفت 10000 ایم اے ایچ بیٹری پیک بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ سام سنگ کی نوٹ سیریز کو کمپنی کی جدید ترین نئی ایجادات کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور گلیکسی نوٹ 9 ایک پریمیم سمارٹ فون کے ساتھ اس کی میراث پر تیار کیا گیا ہے جو حتمی کارکردگی فراہم کرتا ہے۔ اس میں پہلی مرتبہ کنیکٹیویٹی کے ساتھ ایک نیا ایس پین اور سام سنگ کا انتہائی انٹیلی جنٹ کیمرہ بھی موجود ہے۔ سام سنگ الیکٹرانکس کے آئی ٹی اینڈ موبائل کمیونیکیشن ڈویژن کے سی ای او اور صدر ڈی جے کوہ نے اس موقع پر کہا کہ پریمیم ٹیکنالوجی اور صنعتی ایجادات کیلئے نوٹ ہمیشہ ہمارا شاہکار رہا ہے، گلیکسی نوٹ 9 میں کوئی کمی نہیں، اسے کارکردگی، پاور اور انٹیلی جنس کے لئے مرتب کیا گیا ہے جس کی آج لوگوں کو ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ وہ کام اور کھیل سب چاہتے ہیں اور گلیکسی نوٹ 9 واحد فون ہے جو مصروف زندگیوں کو برقرار رکھ سکتا ہے۔گلیکسی نوٹ 9 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری فراہم کی گئی ہے جو دن بھر بات چیت، استعمال، گیمز کھیلنے اور صبح سے رات تک فلمیں دیکھنے کافی ہے۔

فون ایکس ایس اور ایکس ایس میکس:۔

فون ایکس ایس اور ایکس ایس میکس ڈیزائن کے لحاظ سے گزشتہ سال کے آئی فون ایکس سے ملتے جلتے ہیں، ایپل کے سی ای او ٹم کک نے انہیں اب تک تیار کیے گئے سب سے ایڈوانسڈ آئی فونز قرار دیا ہے۔ آئی فون ایکس ایس 5.8 انچ کے سپر ریٹینا ڈسپلے کے ساتھ ہے جس میں بیزل نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ آئی فون ایکس جیسا نوچ بھی موجود ہے جس میں ڈیپتھ سنسنگ کیمرہ فیس آئی ڈی کے لیے دیا گیا ہے۔اس کے مقابلے میں آئی فون ایکس ایس میکس 6.5 انچ کے ڈسپلے کے ساتھ ہے جو ایپل کی تاریخ کا سب سے بڑی اسکرین والا فون ہے۔یہ دونوں فونز او ایل ای ڈی ڈسپلے کے ساتھ ہیں جبکہ واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنٹ کا فیچر بھی موجود ہے۔

دونوں فونز میں ایچ ڈی آر، ڈولبی ویژن ، ایچ ڈی آر 10، 120 ہرٹز ٹچ سنسنگ، تھری ڈی ٹچ،وائیڈ کلر سپورٹ اور دیگر فیچرز موجود ہیں۔اس فون میں ایپل نے اپنی نئی اے 12 بایونک چپ استعمال کی ہے جو کہ کمپنی کے بقول اسمارٹ فون مارکیٹ کی پہلی 7 نانو میٹر چپ ہے۔ایپل کے مطابق یہ فونز پرفارمنس کے لحاظ سے گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ تیز ہے اور پہلی بار کمپنی نے 512 جی بی اسٹوریج والا ورژن بھی متعارف کرایا ہے۔

ان فونز کے سی پی یو سکس کورز ہیں جن میں 2 پرفارمنس کورز جبکہ 4 ایفیشنسی کورز ہیں، آسان الفاظ میں یہ ایپل کے سب سے تیز آئی فونز ہیں جس میں موجود چپ مشین لرننگ ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔فونز میں اسٹین لیس اسٹیل بینڈ، گلاس بیک اور ہیڈفون جیک نہیں ہے اور ہاں یہ پہلے آئی فونز ہیں جن میں ڈوئل سم کا فیچر دیا گیا ہے۔

جہاں تک بیٹری لائف کی بات ہے تو اس میں کوئی زیادہ بڑی تبدیلی نہیں کی گئی، ایپل کے مطابق ایکس ایس کی بیٹری لائف گزشتہ سال کے آئی فون ایکس سے 30 منٹ زیادہ ہے جبکہ ایکس ایس میکس میں اب تک کی سب سے بڑی آئی فون بیٹری دی گئی ہے، جس میں ڈیڑھ گھنٹہ اضافی مل سکے گا۔دونوں فونز کے لیے فرنٹ اور بیک کیمروں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے،دونوں فونز کے بیک پر 12، بارہ میگاپکسل کے 2 کیمرے دیئے گئے ہیں، جو کہ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن، ٹرو ٹو سنسر سے لیس ہیں، ان میں سے ایک وائیڈ اینگل ایف 1.8 آپرچر،جبکہ دوسرا ٹیلی فوٹو کیمرہ ایف 2.4 آپرچر اور 2ایکس آپٹیکل زوم کے ساتھ ہے۔

پورٹریٹ موڈ کو بھی پہلے سے بہتر کیا گیا ہے جبکہ پس منظر کو دھندلانے والے سافٹ وئیر کو بھی زیادہ حساس بنایا گیا ہے، اور ہاں ایپل نے سلائیڈر کو بھی اب کی بار کیمرہ فیچرز کا حصہ بنایا ہے تاکہ پروٹریٹ فوٹو کی تفصیلات زیادہ بہتر ہوسکیں۔ اسی طرح فرنٹ پر 7 میگا پکسل کیمرہ ہے جو کہ  دوگنا تیز  ہے۔پہلی بار ایپل نے اسٹریو ساؤنڈ ریکارڈنگ ویڈیوز کے لیے دی ہے۔ان دونوں فونز میں 64 جی بی، 256 جی بی اور 512 جی بی اسٹوریج کے آپشنز ہوں گے، جبکہ آئی او ایس 12 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

ون پلس سکس ٹی

اس فون میں کم قیمت کے ساتھ ہر اس اہم فیچر حصہ بنایا گیا جو دیگر کمپنیوں کو ٹکر دے سکے۔ ون پلس سکس ٹی میں 6.41 انچ کی او ایل ای ڈی اسکرین 19:5:9 ریشو کے ساتھ دی گئی۔ پہلی مرتبہ اس کمپنی نے فنگرپرنٹ ریڈر کو اسکرین کے اندر نصب کیا ہے اور اسے اسکرین ان لاک کا نام دیا۔ کمپنی کے مطابق بیٹری لائف کو 20 فیصد بڑھایا گیا اور یہ فون آدھے گھنٹے چارج پر پورا دن کام کرسکے گا۔ فون میں کوالکوم کا طاقتور اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دیا گیا، اس کے بیک پر 16 اور 20 میگا پکسل کے 2 کیمرے دیئے گئے ہیں جو آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کی سہولت صارفین کو فراہم کریں گے۔
گلیکسی ایس نائن اور ایس نائن پلس

یہ فون دیکھنے میں ایس ایٹ جیسے ڈیزائن کے ساتھ ہیں، جن میں سے ایس نائن 5.8 انچ جبکہ ایس نائن پلش میں 6.2 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے۔ اسٹیریو اسپیکرز، پہلے سے بہتر مقام پر فنگرپرنٹ سنسر، پہلے سے بہتر فیس ان لاک جو تاریکی میں کام کرسکے گا، کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر یا ایکسینوس 9810 اوکٹا کور پراسیسر، اینڈرائیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم، 4 جی بی ریم (ایس نائن)، سکس جی بی ریم (ایس نائن پلس) ڈسٹ اینڈ واٹر پروف اور اینی موجی جیسے فیچرز اس میں دیئے گئے ہیں۔ اس سال کے فونز میں سب سے بڑا اور نمایاں فیچر ان کا نیا کیمرہ سسٹم ہے، تاہم اس بار کمپنی نے ایس نائن کے بیک پر ایک جبکہ دوسرے میں ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا ہے۔ یہ نیا کیمرہ سام سنگ کا پہلا ایسا سیٹ اپ ہے جو مکینیکلی طور پر ایڈجسٹ ایبل آپرچر کے ساتھ ہے جو کہ بہت روشن ایف 1.5 سے لے کر چھوٹے ایف 2.4 پر سوئچ ہوسکتا ہے، جس کا انحصار ایکسپوزر کنڈیشن پر ہے۔

میٹ 20 پرو


ہیواوے نے سال کا دوسرا فلیگ شپ فون پی 20 پرو سے بھی زیادہ طاقتور قرار دیا تھا جو پہلا اینڈرائیڈ فون تھا جس میں 7nm پراسیسر دیا گیا، اس کے بیک پر بھی تین کیمروں کا سیٹ موجود ہے مگر پی 2 پرو کے مقابلے میں یہ چوکور شکل میں دیا گیا ہے۔ تینوں میں سے ایک 40 میگا پکسل، دوسرا 20 میگا پکسل اور تیسرا 8 میگاپکسل کا ہے جبکہ فرنٹ پر 24 میگاپکسل کیمرہ دیا گیا۔ 6.39 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے نوچ کے ساتھ ہے، اس میں ایس ایس ڈی کارڈ سلاٹ کو روایتی ایس ڈی کارڈ کی بجائے نانو میموری کارڈ کے لیے دیا گیا ہے۔ یہ چینی کمپنی کا وہ فون ہے جس میں فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر دیا گیا جبکہ بیٹری کے لحاظ سے بھی یہ کافی طاقتور ہے جس میں 4200 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے۔

گوگل پکسل تھری اور پکسل تھری ایکس ایل


ویسے تو دیگر اینڈرائیڈ فونز میں سب کچھ مل جائے گا مگر سافٹ وئیر اپ ڈیٹس کے حوالے سے گوگل کے اپنے فونز کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا جو تازہ ترین فرم وئیر اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس حاصل کرتے ہیں۔ پکسل تھری اور پکسل تھری ایکس ایل بھی ایسے ہی فونز ہیں، جن میں سے ایکس ایل میں 6.3 انچ ڈسپلے، اسنیپ ڈراگون پراسیسر، 4 جی بی ریم، 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دی گئی، تاہم بیک پر 12 میگاپکسل کا ایک ہی کیمرہ ہے اور فرنٹ پر ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے۔ اس کے مقابلے میں پکسل تھری 5.5 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہے باقی فیچرز ایکس ایل والے ہی ہیں۔ اس بار گوگل نے اپنے فونز میں وائرلیس چارجنگ کو بھی شامل کیا ہے اور ہاں گوگل پکسل سیریز کیمرے کے لیے جانی جاتی ہے کیونکہ فوٹوگرافی کے میدان میں اس کا ایک بیک کیمرہ بھی ڈوئل یا ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ کا مقابلہ کرسکتا ہے۔

سونی ایکسپیریا ایکس زی تھری

یہ سونی کا پہلا فون ہے جس میں او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ سائیڈ سنس ٹیکنالوجی دی گئی ہے جس میں فیورٹ ایپس کو ڈیوائس کی کسی بھی سائیڈ کو دبا کر لانچ کیا جاسکے گا۔ سونی کا یہ فون 6 انچ کے کیو ایچ ڈی پلس ڈسپلے کے ساتھ ہے جس کے تحفظ کے لیے کورننگ گوریلا گلاس 5 کو استعمال کیا گیا ہے۔ اس میں کوالکوم کا طاقتور اسنیپ ڈراگون 845 اوکٹا کور پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی اور 64 جی بی اسٹوریج ہے، تاہم مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے اسے 512 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ 3300 ایم اے ایچ بیٹری کو کوئیک چارجنگ اور وائرلیس چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس آئی پی 68 سرٹیفکیشن کے ساتھ ہے اور اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم موجود ہے۔ سونی کے فونز کو کیمروں کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور ایکسپیریا ایکس زی تھری بھی اس حوالے سے کم نہیں۔ اس فون میں 19 میگا پکسل موشن آئی کیمرہ دیا گیا ہے جو کہ پریڈیکٹو ہائیبرڈ آٹو فوکس اور سپرسلوموشن ویڈیو ریکارڈنگ کے فیچرز موجود ہیں۔