امریکی فوج کو معافی کیوں مانگنا پڑی؟

Last Updated On 02 January,2019 12:51 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) امریکہ کے جوہری ہتھیاروں کے نگران ادارے یو ایس سٹریٹجک کمانڈ نے نئے سال کے موقع پر اپنی ٹوئٹ کے حوالے سے معذرت کی ہے۔ اس سے پہلے ایک ٹوئٹر پیغام میں ادارے نے مذاق کے انداز میں کہا تھا کہ وہ نیویارک کے ٹائمز سکوائر بال کے مقابلے میں کچھ بہت بڑا گرانے کے لیے تیار ہیں۔

31 دسمبر کی شام کو اس پیغام کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شائع کی گئی تھی جس میں ایک بی ٹو بمبار طیارے کو بمباری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ادارے نے بعد میں یہ ٹوئٹ ہٹا دی اور اس کی جگہ ایک معافی کا پیغام جاری کر دیا۔

پہلے پیغام پر بہت سے لوگوں نے انٹرنیٹ پر شدید غصے کا اظہار کیا۔ پرانی ٹوئٹ میں کہا گیا تھا ٹائمز سکوائر کی روایت ہے کہ نئے سال کی ابتدا ایک بال گرا کر کرتے ہیں اگر کبھی ضرورت پڑے تو ہم اس سے کہیں زیادہ بڑا گرانے کے لیے تیار ہیں۔ یہ پیغام نیویارک میں بال ڈراپ سے چند گھنٹے پہلے شائع کیا گیا تھا۔

نیویارک میں ون ٹائمز سکوائر کی عمارت پر ایک چمکتے بال ڈراپ کی روایت 1907 میں شروع ہوئی اور ہر سال کے آخری منٹ میں یہ عمل کیا جاتا ہے۔
ناقدین نے سٹریٹجک کمانڈ کے پیغام پر خوب ناراضی کا اظہار کیا۔ امریکی حکومتی اقدار کے محکمہ کے سابق سربراہ والٹر شوعاب جونیئر نے کہا کہ اس ملک کو کیسے پاگل لوگ چلا رہے ہیں؟

نیوکلیئر نائٹ میئرز نامی کتاب کے مصنف جو سرنکیون نے کہا پہلے میں سمجھا یہ اصل نہیں ہو سکتی۔ مگر یہ ہے! یہ (پیغام) اس صنعت کا ایک اشتہار ہے جو کہ ایک لطیفے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ شرمناک!